کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ اسلام میں کوئی بھی شخص، خواہ کسی اعلیٰ عہدے پر فائز ہو، عدالتی کارروائی سے بالاتر نہیں ہوسکتا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین کی مثالیں سب کے سامنے ہیں، انہوں نے خود کو بھی قانون اور عدالتی نظام کے تابع رکھا۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ہمارے دستور میں پہلے بھی صدر کو دورانِ صدارت استثنیٰ دیا گیا تھا، جو اسلام کے اصولوں کے منافی تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اب تاحیات کسی شخص کو قانونی تحفظ دینا شریعت اور آئین دونوں کی روح کے خلاف ہے۔مفتی تقی عثمانی نے پارلیمنٹ کے اراکین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “ایسا قانون بنانا ملک کیلئے شرمناک ہوگا ارکانِ پارلیمنٹ اس گناہ کو اپنے سر نہ لیں۔”علماء کا کہنا ہے کہ اسلامی نظامِ عدل میں مساواتِ قانون بنیادی اصول ہے، جس کے مطابق حکمران اور عوام سب عدلیہ کے سامنے برابر ہیں۔

