اسٹاک ہوم:معیشت کا نوبیل انعام تین اقتصادی ماہرین کے نام

اسٹاک ہوم (رائٹرز + اے ایف پی + بی بی سی)معیشت کے شعبے کا نوبیل انعام تین ممتاز اقتصادی ماہرین — جوئل موکیر، فلپ ایغیون اور پیٹر ہاویٹ — کو دیا گیا ہے جنہوں نے “جدت اور ترقی پر مبنی معاشی نمو” کے نظریے پر گہرے مطالعات پیش کیے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، سویڈن کی رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے پیر کے روز اعلان کیا کہ تینوں ماہرین کو معاشی ترقی میں تخلیقی جدت اور سائنسی تحقیق کے کردار پر ان کی طویل المدتی تحقیق کے اعتراف میں نوبیل انعام سے نوازا گیا ہے۔

اکیڈمی کے بیان میں کہا گیا کہ تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاشی ترقی کو یقینی نہیں سمجھا جا سکتا کیونکہ تاریخ کے زیادہ تر ادوار میں جمود رہا ہے۔جوئل موکیر نے تاریخی تجزیوں سے یہ واضح کیا کہ تکنیکی ترقی کن عوامل سے مشروط ہے، جب کہ فلپ ایغیون اور پیٹر ہاویٹ نے “کری ایٹو ڈسٹرکشن” کا ماڈل پیش کیا جس میں نئی مصنوعات پرانی کو بدلتی رہتی ہیں، اور یہی عمل ترقی کا تسلسل پیدا کرتا ہے۔

جوئل موکیر امریکا کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی، فلپ ایغیون فرانس کے کالج ڈی فرانس اور لندن اسکول آف اکنامکس، جبکہ پیٹر ہاویٹ امریکا کی براؤن یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں۔

نوبیل کمیٹی کے مطابق انعام کی نصف رقم جوئل موکیر کو اور بقیہ نصف فلپ ایغیون اور پیٹر ہاویٹ کے درمیان تقسیم کی جائے گی۔یہ رواں سال کا آخری نوبیل انعام ہے، دیگر کیٹیگریز کے انعامات کا اعلان اس سے قبل کیا جا چکا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں