راولپنڈی(نامہ نگار) تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست بات چیت کیلئے تیار ہیں بشرطیکہ وہ بھی سنجیدگی سے آمادہ ہو۔
عمران خان نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ”میں ذاتی طور پر ملک کے وسیع تر مفاد میں اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے تیار ہوں، اگر وہ بھی آمادگی ظاہر کرے۔ ہمارا مقصد کسی قسم کا تصادم نہیں بلکہ پاکستان کو سیاسی استحکام، آئینی حکمرانی اور معاشی بحالی کی طرف لے جانا ہے۔”
عمران خان نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں ایک قومی مکالمہ اور مفاہمت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کا مشترکہ حل نکالا جا سکے۔پی ٹی آئی نے ہمیشہ آئین، جمہوریت، اور عوام کے حقِ حاکمیت پر یقین رکھا ہے اور پرامن سیاسی حل کیلئےہر فورم پر بات کرنے کو تیار ہے۔

