اسپین کے قومی دن پر میڈرڈ میں شاندار فوجی پریڈ، ہزاروں شہریوں کی شرکت

میڈرڈ (نامہ نگار) اسپین کے قومی دن کے موقع پر دارالحکومت میڈرڈ میں روایتی فوجی پریڈ منعقد ہوئی، جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کر کے مسلح افواج سے اپنی محبت اور حمایت کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق اس سال خراب موسم کے باعث پریڈ کو معمول سے کچھ مختصر کر دیا گیا۔ تقریب کی صدارت بادشاہ فلیپ ششم، ملکہ لیٹیزیا، ولی عہد شہزادی لےنور اور شہزادی صوفیہ نے کی۔ وزیر اعظم پیدرو سانچیز کو حسبِ روایت کچھ شرکاء کی جانب سے نعرے بازی اور سیٹیوں کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ دائیں بازو کی جماعت ووکس کے سربراہ سینتیاگو اباسکل نے حکومت کے خلاف احتجاجاً اس بار پریڈ کے اسٹیج پر شرکت نہیں کی۔

پریڈ کا آغاز صبح 11 بجے شہر کے مرکزی راستے پر ہوا۔ پیراشوٹ ٹیم نے فضا میں اسپین کا قومی پرچم بلند کرتے ہوئے شاندار مظاہرہ کیا، جب کہ جدید فوجی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے فضائی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ زمینی پریڈ میں ٹینک، فوجی گاڑیاں، گھوڑے، کتے اور ہزاروں اہلکار شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اختتام پر شاہی خاندان نے فوجی حکام سے ملاقات کی۔ بعد ازاں شاہی محل میں روایتی استقبالیہ دیا گیا، جس میں مختلف سیاسی و عسکری رہنماؤں نے شرکت کی۔خراب موسم اور سیاسی اختلافات کے باوجود یہ تقریب اسپین کے قومی اتحاد، فوجی طاقت اور عوامی یکجہتی کی ایک بڑی علامت ثابت ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں