اطمینان ہے پاکستان معاشی بحران سے نکل چکا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (ایجنسیز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اطمینان ہے کہ پاکستان معاشی بحران سے نکل چکا ہے اور معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل ریگولیٹری ریفارمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اصلاحات کا مطالبہ عوام اور کاروباری طبقے کی گزشتہ کئی دہائیوں سے خواہش تھی، سرمایہ کار، صنعتکار اور تاجر برادری پیچیدہ قوانین، غیر ضروری ضوابط اور طویل طریقہ کار سے شدید پریشان تھے۔

جب حکومت سنبھالی تو پاکستان کی معیشت نہایت نازک صورتحال سے دوچار تھی، ملک عملی طور پر مالی دیوالیہ پن کے دہانے پر کھڑا تھا، مہنگائی بے قابو تھی اور پالیسی ریٹ نے معیشت کو مفلوج کر رکھا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار تھیں تاہم حکومت نے امید کا دامن نہیں چھوڑا اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ چیلنجز کا مقابلہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری دی ہے اور معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔