اعلیٰ روسی فوجی افسر کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا گیا، اسپتال منتقل

ماسکو(ایجنسیاں)روس کی فوج کے ایک اعلیٰ افسر لیفٹیننٹ جنرل ولادیمیر الیکسییف کو ماسکو میں گولیاں مار کر زخمی کر دیا گیا، جنہیں حملے کے فوراً بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق یہ حملہ ماسکو کے شمال مغربی مضافات میں واقع ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں پیش آیا، تاہم زخمی افسر کی حالت کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ولادیمیر الیکسییف روس کی فوجی انٹیلی جنس ایجنسی جی آر یو کے مرکزی ڈائریکٹوریٹ میں دوسرے نمبر پر فائز ہیں۔ وہ ان اعلیٰ روسی فوجی شخصیات میں تازہ ترین ہیں جنہیں یوکرین پر تقریباً چار سال قبل شروع ہونے والے مکمل حملے کے بعد سے دارالحکومت میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ولادیمیر الیکسییف کو 2018 میں برطانیہ کے شہر سیلسبری میں اعصابی زہر کے حملے میں جی آر یو کے ملوث ہونے کے الزامات کے بعد یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔