بھارت کے مشہور کامیڈین سنیل پال نے اپنے اغواء کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اغواء کاروں نے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
بحفاظت گھر پہنچنے کے بعد انہوں نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ مجھے سالگرہ کی نجی تقریب میں کامیڈی شو پرفارم کرنے کے لیے بلایا گیا تھا، مجھے 50 فیصد رقم ایڈوانس میں دے دی گئی تھی۔
سنیل پال نے کہا کہ میرے لیے گاڑی ایئر پورٹ پر بھیجی گئی تھی، اس کے ایک گھنٹے بعد مجھے کسی اور گاڑی میں شفٹ کر دیا گیا، مجھے بتایا گیا کہ مجھے اغواء کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے اغواء کار میری آنکھوں پر پٹی باندھ کر مجھے کسی جگہ لے گئے تھے جہاں 7 سے 8 لوگ تھے جو مجھ پر چیخ رہے تھے۔
سنیل پال نے کہا کہ اغواء کاروں نے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد میں نے ممبئی میں اپنے دوستوں کو فون کیا کہ پیسے اکٹھے کریں، اس کے بعد میں نے اغواء کاروں کو 7 سے 8 لاکھ روپے دیے۔
سنیل پال نے بتایا کہ پولیس نے مجھ سے مقدمہ درج کرنے کو کہا ہے، نہیں معلوم کہ میں مقدمہ درج کراؤں گا یا نہیں، اغواء کاروں نے کہا تھا کہ اگر میں نے ان کے خلاف کوئی کارروائی کی تو وہ میرے خاندان کو نقصان پہنچائیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے اغواء کاروں نے بس اڈے پر چھوڑا اور گھر جانے کے لیے صرف 20 ہزار روپے دیے تھے۔