افغانستان سے دہشت گردوں کا تاجکستان میں سرحد پار حملہ، 2 اہلکار ہلاک

دوشنبے(ایجنسیاں)افغانستان کی سرحد سے تاجکستان میں سرحدی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران تاجک بارڈر گارڈ کے 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے اور جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے۔ تاجک حکام نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ 23 دسمبر 2025 کو پیش آیا، جب افغان حدود سے دراندازی کرنے والے مسلح افراد نے چوکی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سرحدی محافظ ہلاک ہوئے۔

حکام کے مطابق حملہ آوروں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، دستی بم اور نائٹ وژن ڈیوائسز برآمد ہوئے، اور یہ واقعہ افغانستان سے تاجکستان میں ہونے والا تیسرا سرحد پار حملہ ہے۔ تاجکستان نے افغان طالبان حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ بین الاقوامی ذمہ داریوں اور سرحدی استحکام کے وعدوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ تاجک حکام نے کہا ہے کہ وہ اپنی علاقائی سالمیت اور سرحدی سکیورٹی کا دفاع جاری رکھیں گے۔

تاجکستان کی ریاستی کمیٹی برائے قومی سلامتی نے بھی بیان میں کہا کہ افغان طالبان کو سرحد پار دہشت گردی کے واقعات روکنے میں ناکامی کے باعث سخت تنقید کا سامنا ہے، اور یہ حملہ خطے میں سکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔