دوشنبے (اے پی پی)تاجکستان کے حکام کے مطابق افغانستان سے کیے گئے ڈرون حملے میں ایل ایل سی شوہین ایس ایم کے تین چینی ملازمین ہلاک ہوگئے۔ حملہ 26 نومبر کی رات ختلون علاقے میں ’’یول‘‘ بارڈر ڈیٹیچمنٹ کی پہلی بارڈر گارڈ پوسٹ ’’استقلال‘‘ کے قریب لگائے گئے کیمپ پر کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ڈرون پر دستی بم اور آتشیں اسلحہ نصب تھا، جسے افغانستان کی سرزمین سے اڑایا گیا۔ حملے میں براہِ راست کمپنی کے ملازمین کو نشانہ بنایا گیا، جن کی موقع پر موت واقع ہوگئی۔
افغان سرزمین پر موجود دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں پر تاجکستان نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تاجک حکومت نے اس کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے افغان حکام سے سرحدی سلامتی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اے پی پی کے مطابق افغان طالبان انتظامیہ کے وعدوں کے باوجود افغانستان سے پڑوسی ممالک پر حملے جاری ہیں، جس پر علاقائی سطح پر خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

