افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیمیں پڑوسی ممالک کیلئے سنگین خطرہ ہیں: چین

نیویارک (نمائندہ خصوصی، اقوام متحدہ) اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کونگ نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں پڑوسی ممالک کیلئے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔اقوام متحدہ میں گفتگو کرتے ہوئے فو کونگ نے کہا کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج، ای ٹی آئی ایم، داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

چینی مندوب کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی اور ان کی پشت پناہی کے باعث طالبان حکومت پر عالمی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں چینی شہریوں پر بھی حملے کیے گئے جن میں متعدد افراد ہلاک ہوئے۔فو کونگ نے کہا کہ چین افغانستان سے ہونے والی ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے اور افغان طالبان پر زور دیتا ہے کہ وہ دہشت گردی کے سنگین خطرات کو تسلیم کریں اور افغان سرزمین سے سرگرم تمام دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کریں۔