کابل(سپورٹس ڈیسک) افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) وائٹ بال سیریز کیلئےسری لنکا کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا۔افغانستان کرکٹ بورڈ نے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائیگی اور افغانستان پہلی مرتبہ سری لنکا کے خلاف بطور میزبان سیریز کا انعقاد کرے گا۔
سیریز 13 سے 25 مارچ تک جاری رہے گی۔ ٹی ٹوئنٹی میچز 13، 15 اور 17 مارچ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ ون ڈے میچز 20، 22 اور 25 مارچ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی میں سری لنکا، افغانستان اور پاکستان کے درمیان سیریز کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم افغانستان نے اس ایونٹ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔

