اسلام آباد (نامہ نگار) سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا افغانستان کو فتح کرنے کا کوئی ارادہ نہیں بلکہ بگرام میں اپنا ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران افغان طالبان کی ایمونیشن سپورٹ کا انفرااسٹرکچر تباہ کردیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی بیان پر کارروائی نہیں کی بلکہ اپنے طے شدہ اہداف کو نشانہ بنایا اور اہداف کے حصول تک افغانستان میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔ذرائع کے مطابق اب تک افغانستان میں 58 کارروائیاں کی جا چکی ہیں، 226 پوسٹیں تباہ کی جاچکی ہیں جبکہ 36 پوسٹوں پر اپنا پرچم لہرایا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ افغانستان ایمپائرز کا قبرستان نہیں بلکہ پلے گراؤنڈ ہے جہاں بڑی طاقتیں آ کر اپنا کھیل کھیلتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی سے دھمکیوں کے پرچے جاری کروائے جا رہے ہیں اور افغانستان ماسٹر پراکسی بن چکا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بگرام میں اپنا ٹارگٹ حاصل کرلیا ہے اور افغانستان کو فتح کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

