اقوامِ متحدہ :داعش خراسان کے ترجمان سلطان عزیز عزام گرفتار

اقوامِ متحدہ (نمائندہ خصوصی)اقوامِ متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی سولہویں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش خراسان کے ترجمان اور تنظیم کے میڈیا ونگ کے بانی سلطان عزیز عزام کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عزیز عزام کو 16 مئی 2025 کو پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے گرفتار کیا، جس کے بعد داعش خراسان کا تنظیمی ڈھانچہ کمزور ہوا اور کئی منصوبہ بند حملے ناکام بنا دیے گئے۔ ان کارروائیوں سے تنظیم کے جنگجوؤں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی اور ’وائس آف خراسان‘ جیسے اہم پروپیگنڈا پلیٹ فارمز معطل ہو گئے۔

یو این رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ عزیز عزام العزام فاؤنڈیشن کے ذریعے داعش خراسان کی بھرتی اور پروپیگنڈے کی مرکزی ذمہ داری نبھاتے تھے۔ ان کی گرفتاری اور سینئر رہنما ابو یاسر الترکی کے نیوٹرلائز ہونے سے تنظیم کی آپریشنل طاقت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔

عزیز عزام ننگر ہار صوبائی کونسل کے مشیر بھی رہ چکے ہیں، جبکہ ان کی گرفتاری کے بعد داعش خراسان کی میڈیا سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں۔