نیو یارک (اقوام متحدہ) – اقوام متحدہ سلامتی کونسل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس قیادت پر کیے گئے فضائی حملوں کی مذمت کی ہے، تاہم اپنے بیان میں اسرائیل کا براہِ راست ذکر نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا سمیت سلامتی کونسل کے تمام 15 رکن ممالک نے متفقہ مذمتی بیان جاری کیا۔ یہ بیان برطانیہ اور فرانس نے تیار کیا تھا، جس میں قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کی گئی۔
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا، ’’یہ حملہ ایک پیغام ہے جو اس ایوان میں گونجنا چاہیے، دہشت گردوں کیلئےکوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں، نہ غزہ میں، نہ تہران میں اور نہ دوحہ میں۔ دہشت گردوں کو کوئی استثنا حاصل نہیں، ہم ان کے رہنماؤں کے خلاف جہاں کہیں بھی ہوں کارروائی کریں گے۔‘‘
سلامتی کونسل نے اپنے بیان میں زور دیا کہ غزہ سے یرغمالیوں کی فوری رہائی اور جنگ بندی کو اولین ترجیح دی جائے۔واضح رہے کہ رواں ہفتے اسرائیلی فضائیہ نے دوحہ میں حملے کیے تھے جن کا ہدف فلسطینی تنظیم حماس کی مرکزی قیادت تھی۔

