اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)بل گیٹس کا پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث تباہی سے نمٹنے کیلئے 10 لاکھ ڈالرز امداد کا اعلان کردیا۔
مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے 10 لاکھ ڈالرز امداد کا اعلان کر دیا۔بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن یہ امداد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعہ پاکستان کو فراہم کرے گی، تاکہ حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کا مقابلہ کیا جاسکے۔
ڈبلیو ایچ او اس رقم سے ملک کے چاروں صوبوں کے 33 متاثرہ اضلاع میں 4 لاکھ 65 ہزار سیلاب متاثرین کو طبی سہولتیں فراہم کرے گا۔پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ڈپینگ لو نے خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے بروقت امداد کی فراہمی پر گیٹس فاونڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایچ او انسانی جانوں کے تحفظ کیلئےپاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے مون سون شدت اختیار کررہا ہے اور قدرتی آفات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

