اقوام متحدہ کی میزبانی میں دوحہ میں دو روزہ افغان کانفرنس، طالبان وفد بھی شریک

اقوام متحدہ کی میزبانی میں دوحہ میں دو روزہ افغان کانفرنس جاری ہے، طالبان وفد نے ذبیح اللّٰہ مجاہد کی قیادت میں کانفرنس میں شرکت کی۔

قطر کے دارالحکومت میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس افغان بحران پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام اپنی نوعیت کی یہ تیسری کانفرنس ہے۔ کانفرنس میں خواتین شامل نہیں ہیں۔

طالبان حکومت کے چیف ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا ہے کہ افغان وفد نے اجلاس کے موقع پر روس، بھارت اور ازبکستان سمیت دیگر ملکوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طالبان کو پہلی کانفرنس میں مدعو نہیں کیا گیا تھا اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا کہنا تھا کہ طالبان نے فروری میں ہونے والے دوسرے اجلاس میں شرکت کے لیے ناقابل قبول شرائط رکھیں جس میں یہ مطالبات بھی شامل تھے کہ افغان سول سوسائٹی کے اراکین کو مذاکرات میں شریک نہ جائے اور طالبان کو ملک کے جائز حکمران کے طور پر قبول کیا جائے۔

مذاکرات کا مقصد افغان حکام کے ساتھ روابط بڑھانے کےلیے ایک متحد اور مربوط بین الاقوامی نقطۂ نظر کو فروغ دینا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں