اقوام متحدہ کے بے بس سیکریٹری جنرل نے اپنا مطالبہ پھر دہرا دیا

اقوام متحدہ کے بے بس سیکریٹری جنرل نے غزہ اور لبنان میں جنگ بندی سے متعلق اپنا مطالبہ پھر دہرا دیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی کی جائے۔

انھوں نے کہا مشرق وسطیٰ میں صورت حال ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ بدتر ہوتی جا رہی ہے، اور ہر فضائی اور راکٹ حملہ کشیدگی بڑھا رہا ہے، جس سے لاکھوں شہریوں کیلئے مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ فوری جنگ بندی کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اپنے ویڈیو پیغام میں گوتریس نے کہا کہ ہم غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ نہ چھوڑ سکتے ہیں نہ چھوڑیں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ’’یرغمالیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے، اور ان لوگوں کو زندگی بچانے والی امداد فوری پہنچائی جائے جنھیں اشد ضرورت ہے۔‘‘

سیکریٹری جنرل نے فلسطین کے مسئلے کیلئےدو ریاستی حل پر زور دیا، اور کہا کہ اس خطے کے تمام لوگوں کا امن سے رہنے کا حق ہے۔

واضح رہے کہ غزہ اور لبنان پر اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری بدستور جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں 5 بچوں سمیت 25 فلسطینی شہید ہو گئے، شجاعیہ کے قریب گھر پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد شہید ہوئے، نصیرات اور البریج کیمپ پر بمباری میں 8 فلسطینی جان سے گئے۔

اسرائیلی فورسز نے گزشتہ رات بھی بیروت پر بمباری کی، اور رہائشی عمارتوں کونشانہ بنایا، لبنانی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 36 افراد شہید جب کہ 150 زخمی ہوئے۔ لبنان کے سرحدی علاقوں پر کشیدگی برقرار ہے، اور لڑائی جاری ہے، حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کو پیچھے دھکیل دیا گیا ہے، اسرائیل کے تین فوجی شدید زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں