البرٹا (نامہ نگار)البرٹا حکومت نے شمال مغربی بی سی ساحل تک جانے والی بیٹمین پائپ لائن کیلئےایک ویب سائٹ لانچ کر دی ہے۔ ویب سائٹ کو منصوبے کی معلومات اور اپ ڈیٹس کیلئےمرکزی ہب کے طور پر استعمال کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور عوامی رابطے کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ابتدائی منصوبہ بندی کے کام میں مقامی قبائل سے مشاورت، پائپ لائن کے راستے اور حجم کا تعین، مارکیٹ کی طلب، معاشی جائزہ اور نئے پائپ لائن کی ضرورت شامل ہے۔ حکومت نے منصوبے کیلئے جولائی یکم تک وفاقی میجر پراجیکٹس آفس میں درخواست تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
وزیر توانائی اور معدنیات برائن جین نے کہا کہ ویب سائٹ شفاف اور قابل رسائی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے تاکہ کینیڈا کے عوام منصوبے سے متعلق آگاہ رہیں۔ البرٹا کی وزیر برائے مقامی قبائل رجن ساونی نے کہا کہ ابتدائی دن سے مقامی قبائل منصوبے میں رہنمائی فراہم کر رہے ہیں اور شفاف معلومات سے ان کی قیادت ہر مرحلے پر برقرار رہے گی۔
البرٹا کی وزیر اعلی ڈینیئل سمتھ نے کہا کہ پائپ لائن روزانہ ایک ملین بیرل تک آئل سینڈز کے خام تیل کو ساحل تک پہنچا سکتی ہے اور پورٹ آف پرنس رپرٹ کو سمندری ٹرمینل کیلئے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ منصوبے کی ترقی کیلئے اینبریج، ٹرانس ماؤنٹین اور ساؤتھ باؤ کمپنیز کے ساتھ مشاورتی گروپ قائم کیا گیا ہے، تاہم کسی کمپنی نے ابھی تک پائپ لائن بنانے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

