الیکشن 2024ء میں ریکارڈ پاکستانیوں نے ووٹ ڈالا:فافن

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے پاکستانی انتخابات میں ووٹرز کی شمولیت کی جائزہ رپورٹ جاری کردی۔فافن رپورٹ میں کہا گیا کہ عام انتخابات 2024ء میں ریکارڈ پاکستانیوں نے ووٹ ڈالا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ الیکشن 2024ء میں 6 کروڑ 12 لاکھ 82 ہزار 920 ووٹرز نے ووٹ ڈالا، یوں ووٹر ٹرن آؤٹ 48 فیصد رہا۔

فافن رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2018ء کے الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ 52 فیصد تھا، اس کے بعد الیکشن تک ملک میں 2 کروڑ 25 لاکھ ووٹرز کا اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق 24ء کے انتخابات کےلیے خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن نے مردوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ 1 کروڑ مردوں کے مقابلے میں ایک کروڑ 25 لاکھ خواتین ووٹرز رجسٹر ہوئیں۔

فافن رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرد اور خواتین ووٹرز ٹرن آؤٹ کا 2018ء میں فرق 10 فیصد تھا جو 2024ء میں کم ہو کر 9 فیصد ہوا۔رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں کے مقابلے میں دیہی علاقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ زیادہ رہا، دیہی علاقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ 50 فیصد اور شہری علاقوں میں 43 اعشاریہ 8 فیصد رہا۔

اپنا تبصرہ لکھیں