نیو میکسیکو، امریکا(نمائندہ خصوصی) امریکی ریاست نیو میکسیکو نے فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے تاکہ کمپنی کو پابند کیا جا سکے کہ وہ اپنی ویب سائٹس پر بچوں اور نو عمروں کی حفاظت کے لیے مزید اقدامات کرے۔
محکمۂ انصاف کے وکلا کے مطابق میٹا نے اپنی سوشل میڈیا سائٹس کو ایسے افراد کے لیے ایک “بازار” بننے دیا ہے جو بچوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ خفیہ تحقیقات سے ثابت ہوا کہ کمپنی بچوں کو آن لائن شکاریوں سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہی۔
یہ مقدمہ میٹا اور دیگر سوشل میڈیا کمپنیوں کے خلاف اس سال دائر ہونے والے مقدمات کی ایک بڑی لہر کا حصہ ہے۔ مختلف ریاستوں، اسکولوں اور خاندانوں کا کہنا ہے کہ یہ سوشل میڈیا سائٹس نہ صرف نشہ آور ہیں بلکہ نوجوانوں کی ذہنی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔

