واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکا میں بچوں کے جنسی استحصال کے سنگین مقدمے میں خاتون سمیت دو مجرمان کو مجموعی طور پر 80 اور 70 سال قید کی سزائیں سنا دی گئیں۔ امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) اور محکمۂ انصاف کے مطابق سزا وفاقی عدالت نے الزامات ثابت ہونے پر سنائی۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ٹیکساس کے شہر یولیس سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ وسام شریف کو 960 ماہ (80 سال) قید اور عمر بھر نگرانی کی سزا دی گئی۔ عدالت نے ایمی، وکی اینڈ اینڈی ایکٹ کے تحت اس پر ایک لاکھ 35 ہزار ڈالر خصوصی جرمانہ بھی عائد کیا۔ ملزم نے جون 2025 میں بچوں کے جنسی استحصال اور فحش مواد کی تیاری و تقسیم سمیت متعدد الزامات قبول کیے تھے۔
اسی مقدمے میں شریک ملزمہ 50 سالہ بلیک میلر باراکات المعروف ہمنہ کو 840 ماہ (70 سال) قید اور عمر بھر نگرانی کی سزا سنائی گئی جبکہ اس پر 30 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ اس نے بھی بچوں کے جنسی استحصال اور فحش مواد رکھنے و تقسیم کرنے کے الزامات کا اعتراف کیا تھا۔
ایف بی آئی کے مطابق مرکزی ملزم نے مذہبی حوالوں کا سہارا لے کر اپنی ساتھی کو گمراہ کیا اور دونوں نے اکتوبر 2024 میں ایک کمسن بچے کو غیر اخلاقی مواد دکھا کر اسے جنسی حرکات پر مجبور کیا تاکہ قابلِ اعتراض ویڈیوز تیار کی جا سکیں۔امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق یہ مقدمہ ’پراجیکٹ سیف چائلڈ ہُڈ‘ کے تحت چلایا گیا، جو بچوں کے آن لائن جنسی استحصال کے خلاف وفاقی اور ریاستی اداروں کی مشترکہ مہم ہے۔

