واشنگٹن/جنیوا (غیر ملکی میڈیا)امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر ایران کی جانب سے جوہری تجاویز کا مسودہ موصول ہو جاتا ہے تو ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات جمعے کو ہو سکتے ہیں۔امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جوہری معاہدے سے متعلق ایران کی مفصل تجاویز آئندہ 48 گھنٹوں میں مل جائیں تو مذاکرات کا اگلا دور متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی مذاکرات کار جنیوا میں ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے Reuters نے دعویٰ کیا ہے کہ جوہری مذاکرات کے دوران ایران نے امریکا کو اپنی تیل کی صنعت میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ زیر غور معاشی پیکیج میں امریکا کو سرمایہ کاری کی پیشکش شامل ہے، تاہم ایران اپنے تیل اور معدنی وسائل کا کنٹرول کسی اور کے حوالے نہیں کرے گا۔
ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کا صرف معاشی شراکت دار ہو سکتا ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں، امریکی کمپنیاں ایرانی تیل اور گیس فیلڈز میں ٹھیکے دار کے طور پر کام کر سکیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پُرامن جوہری افزودگی کے بدلے ایران علاقائی افزودگی کنسورشیم کے قیام پر بھی غور کر سکتا ہے۔

