امریکا: پراسرار طور پر لاپتہ خاتون 25 سال بعد مل گئی

نارتھ کیرولینا(ایجنسیاں) امریکی ریاست نارتھ کیرولینا میں پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی تین بچوں کی ماں 25 سال بعد بحفاظت مل گئی، خاتون کی واپسی پر اہلِ خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مشیل اسمتھ دسمبر 2001 میں ایڈن کے علاقے میں اپنے گھر سے کرسمس کی خریداری کے لیے نکلی تھیں اور مبینہ طور پر ریاست ورجینیا میں ایک اسٹور جا رہی تھیں، تاہم اس کے بعد وہ اچانک لاپتہ ہو گئی تھیں۔

خاتون کی گمشدگی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے متعدد ریاستی اداروں کے ساتھ ساتھ فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے بھی تلاش میں حصہ لیا، لیکن طویل عرصے تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔تقریباً پچیس سال بعد پولیس کو ایک اہم اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد جمعہ کے روز اسمتھ کو ریاست میں ہی ایک نامعلوم مقام سے زندہ اور محفوظ حالت میں بازیاب کر لیا گیا۔

حکام نے سیکیورٹی اور رازداری کے پیش نظر ان کی موجودہ رہائش کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم خاندان کو ان کی بازیابی سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق مشیل اسمتھ کے اچانک لاپتہ ہونے کی اصل وجہ اب تک واضح نہیں ہو سکی اور واقعہ بدستور کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔