امریکا کی لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری ملک چھوڑنے کی ہدایت

واشنگٹن: امریکا نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر لبنان چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی۔

امریکا نے اپنے شہریوں کو سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی سے حالات خطرناک ہو گئے ہیں، حالات بہتر ہونے سے پہلے امریکی شہری لبنان کا سفر کرنے کا ارادہ ملتوی کر دیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ہفتے کے روز جاری ٹریول ایڈوائزری میں لبنان میں موجود امریکیوں پر زور دیا کہ کمرشل پروازیں اس وقت موجود ہیں اس لیے وہ فوراً وہاں سے نکل جائیں۔

امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں سے لبنان چھوڑنے کی یہ اپیل حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعہ کی غیر متوقع نوعیت اور بیروت سمیت پورے لبنان میں حالیہ دھماکوں کی وجہ سے کی ہے۔

ایڈوائزری میں زور دیا گیا ہے کہ اس وقت لبنان میں تجارتی پروازیں دستیاب ہیں، اگر امن و امان کی صورت حال مزید خراب ہوتی ہے تو روانگی کے لیے تجارتی آپشنز دستیاب نہیں ہو سکیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں