امریکہ: ریاست مسی سپی میں فائرنگ ، بچے سمیت 6 افراد ہلاک، ملزم گرفتار

ویسٹ پوائنٹ( ایجنسیاں)امریکی ریاست مسی سپی کے شمال مشرقی علاقے میں فائرنگ کے متعدد واقعات میں ایک بچے سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ پولیس نے ایک 24 سالہ شخص کو گرفتار کر کے اس پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

کلی کاؤنٹی کے شیرف ایڈی اسکاٹ کے مطابق فائرنگ کے یہ واقعات جمعہ کی شب مختلف مقامات پر پیش آئے، جن میں چار مقتولین ملزم کے قریبی رشتہ دار تھے جبکہ دو دیگر بالغ افراد بھی جان سے گئے۔شیرف کے مطابق کم عمر ترین مقتول 7 سالہ بچہ تھا جو ملزم کا کزن تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں یہ نہیں سمجھ سکتا کہ کوئی 7 سالہ بچے کو قتل کرنے کا کیا جواز پیش کر سکتا ہے‘‘۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ڈیرکا ایم مور کے نام سے ہوئی ہے، جس پر فرسٹ ڈگری قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے، تاہم تحقیقات مکمل ہونے پر الزامات کو کیپیٹل مرڈر میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔فائرنگ کے واقعات مسی سپی کے دیہی علاقے سیڈر بلف میں پیش آئے، جو ویسٹ پوائنٹ شہر کے مغرب میں ہے۔

شیرف ایڈی اسکاٹ نے بتایا کہ ملزم اس سے قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریڈار پر نہیں تھا اور اس کے خلاف کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود نہیں۔

تحقیقات کے مطابق ملزم نے اس گھر میں جہاں 7 سالہ بچہ ہلاک ہوا، ایک اور کمسن بچے کے سر پر بھی بندوق رکھ دی تھی، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گولی چلنے میں تکنیکی خرابی ہوئی یا نہیں، اس وقت گھر میں بچے کی والدہ بھی موجود تھیں۔

شیرف کے مطابق واقعے میں چھ ہلاکتوں کے علاوہ کسی اور شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ تمام فائرنگ ایک ہی شخص نے کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں مزید تفصیلات اور ممکنہ اضافی الزامات سامنے آ سکتے ہیں۔