امریکا کی معروف کامیڈی سیریز ’ایلف‘ میں بطور چائلڈ اسٹار برائن ٹینر کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والے اداکار بینجی گریگوری 46 برس کی عمر میں چل بسے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اداکار کی بہن نے ان کی وفات کی تصدیق کر دی ہے۔
انہوں نے حال ہی میں بتایا ہے کہ اداکار کی وفات گزشتہ ماہ 13 جون کو گاڑی میں دم گھٹنے سے ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بینجی گریگوری 12 جون کی شب کسی ضروری کام کے سلسلے میں اپنے کتے کے ہمراہ اپنی گاڑی میں گئے تھے اور پھر کبھی واپس لوٹ کے نہیں آئے، وہ پارکنگ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بظاہر اداکار کی موت شدید گرمی کے سبب گاڑی میں دم گھٹنے کے باعث ہوئی ہے کیونکہ 12 جون کو درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اداکار کی بہن کے مطابق وہ ذہنی تناؤ، بائی پولر اور نیند کی کمی کا شکار تھے، جس کے سبب وہ بیشتر اوقات جاگتے رہتے تھے۔