امریکی دھمکی سے ایران کے ساتھ معاہدوں میں تبدیلی نہیں آئے گی: روس

ماسکو(ایجنسیاں)روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات اور معاہدوں پر عمل درآمد جاری رہے گا اور امریکی دھمکیوں سے ایران کے ساتھ معاہدوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

سرگئی لاروف نے کہا کہ امریکا اپنے رویے سے ان ہی قوانین کو نظر انداز کرتا ہے جنہیں اس نے خود فروغ دیا اور گلوبلائزیشن کا نام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے اصولوں کی پاسداری نہیں کرتا، ایسے طرزِعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی شراکت دار ناقابلِ اعتماد ہیں اور وہ ہمیشہ تیل کے وسائل کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں۔روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور دیگر اقتصادی شراکت داروں کے ساتھ طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد ہونا چاہیے اور روس کو اپنا کام جاری رکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب امریکا جیسا طاقتور ملک غیر مہذب طریقے اختیار کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ امریکی مسابقتی پوزیشن مسلسل کمزور ہو رہی ہے۔ سرگئی لاروف نے مزید کہا کہ کوئی تیسرا فریق روس اور ایران کے تعلقات کی نوعیت کو تبدیل نہیں کر سکتا، یہ تعلقات دونوں ممالک کے صدور کے درمیان طے پانے والے معاہدوں پر مبنی ہیں اور روس و ایران کے مفادات کے مطابق ہیں۔