پنسلوانیا (رائٹرز) امریکی ریاست پنسلوانیا میں فائرنگ کے واقعے میں 3 پولیس افسران ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے، حملہ آور پولیس کی جوابی کارروائی میں مارا گیا۔ ریاستی حکام کے مطابق واقعہ گھریلو نوعیت کی تفتیش کے دوران پیش آیا۔
کوڈورس ٹاؤن شپ، یارک کاؤنٹی میں پولیس افسران ایک پرانے کیس کے سلسلے میں دوبارہ موقع پر پہنچے تو مسلح شخص نے فائرنگ کر دی۔ ریاستی پولیس کمشنر کرنل کرسٹوفر پیریس نے بتایا کہ افسران ایک گھریلو نوعیت کی تفتیش پر کام کر رہے تھے جو ایک روز قبل شروع ہوئی تھی، تاہم مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں 3 افسر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 2 افسر شدید زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، ان کی حالت نازک مگر مستحکم بتائی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکار سرچ وارنٹ کی تعمیل کیلئے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کو جوابی کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا۔
پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو ہسپتال پہنچے اور شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ “یہ یارک کاؤنٹی اور پنسلوانیا کیلئےنہایت افسوسناک دن ہے”۔ گورنر نے متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا کی اپیل کی اور کہا کہ “یہ خاندان اپنے پیاروں پر فخر کرتے ہیں جنہوں نے عوام کی حفاظت کیلئےاپنی جان قربان کی”۔
جوش شاپیرو نے مزید بتایا کہ انہیں امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی کی جانب سے فون موصول ہوا ہے جنہوں نے ہر ممکن وفاقی تعاون کی پیشکش کی ہے۔

