نیویارک(ایجنسیاں) امریکی شہری جو نوواک فیس بک پر ایک اجنبی خاتون کے پیغام کے باعث 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر سے محروم ہو گئے۔سی این این کے مطابق اکتوبر 2024 میں نوواک کو فیس بک میسنجر پر ایک نامعلوم خاتون ایلس ڈینر کا پیغام موصول ہوا، جس نے ان کی بیٹے سے متعلق پوسٹ پر ہمدردی ظاہر کی اور رابطہ بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
دونوں کے درمیان بات چیت فیس بک سے واٹس ایپ پر منتقل ہوئی، جو آہستہ آہستہ ذاتی نوعیت اختیار کر گئی۔ خاتون خود کو نیویارک کی فیشن ڈیزائنر ظاہر کرتی رہی اور نوواک کو پُرتعیش طرزِ زندگی کی تصاویر بھیجتی رہی۔نوواک اس دوران نوکری، طلاق اور بچوں کی تحویل جیسے مسائل سے گزر رہے تھے، جس وجہ سے وہ جذباتی طور پر کمزور تھے۔ فروری تک دونوں نے ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کر دیا۔
بعد ازاں ایلس نے انہیں ایک کرپٹو سرمایہ کاری کی ویب سائٹ کی طرف راغب کیا، جس پر اعتماد کر کے نوواک نے اپنی پوری جمع پونجی یعنی تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر منتقل کر دیے۔ کچھ ہی عرصے بعد خاتون اپنی پروفائل سمیت غائب ہو گئی۔ماہرین کے مطابق اس قسم کا فراڈ ’’پگ بچرنگ‘‘ کہلاتا ہے، جس میں متاثرہ شخص کو رومانوی تعلق کے ذریعے اعتماد میں لے کر سرمایہ کاری کے نام پر لوٹا جاتا ہے۔
نوواک کا کہنا ہے کہ وہ سب کچھ کھو چکے ہیں اور ہر روز پچھتاوے میں رہتے ہیں، تاہم اب وہ اپنی کہانی بیان کر کے دوسروں کو ایسے فراڈ سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔دریں اثنا، یہی خاتون مبینہ طور پر فیس بک پر نئے نام سے دوبارہ سرگرم دکھائی دی ہے، اور نوواک کے مطابق بعض تصاویر پہلے جیسی ہی ہیں۔

