امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں تاریخ کی بدترین اور خوفناک آگ

امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں تاریخ کی بدترین اور خوفناک آگ کی سیٹلائیٹ تصویر سامنے آ گئی۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے لاس اینجلس کی آگ سے پہلے اور بعد کے مناظر جاری کئے، جس میں شہر کے بڑے حصے میں آگ پھیلی ہوئی نظر آرہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس تصویر سے آگ کی ہولناکی اور اس سے ہونے والی تباہی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، اس تاریخ کی بدترین آگ نے 32 ہزار سے زائد ایکڑ رقبہ لپیٹ میں لے لیا ہے۔واضح رہے کہ امریکا کے تاریخی شہر میں منگل سے لگی آگ پر اب تک نہ قابو پایا جا سکا، تاریخ کی بدترین آگ سے 9 ہزار گھر اور عمارتیں جل کر راکھ ہو گئیں جبکہ 32 ہزار سے زائد ایکڑ رقبے پر وادیاں اجڑ گئیں۔

آگ کی وجہ سے ڈیڑھ لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے، مقامی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خشک اور تیز ہوا سے آگ میں خطرناک اضافے کا خدشہ برقرار ہے۔امریکی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ آگ پر قابو نہ پایا گیا تویہ قدرتی سانحات میں امریکی تاریخ کا بدترین واقعہ بن جائےگا۔رپورٹ کے مطابق منگل سے لگی آگ بجھانے کے لیے پانی اور اہلکار کم پڑ گئے ہیں اور آگ سے 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں