امریکی انتخابات میں مبینہ طور پر بڑی دہشت گردی کے شبہ میں ریاست اوکلوہوما سے افغان شہری گرفتار کرلیاگیا ہے.امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے 27 سالہ ناصر احمد توحیدی کو رائفل اور آتشی اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا ۔ناصر احمد توحیدی 2021 میں خصوصی امیگرینٹ ویزا پر امریکا آیا تھا اور اوکلاہوما شہر میں رہائش پذیر تھا۔
دوران تفتیش ناصر توحیدی افغانی شہری ہے اس نے بتایا کہ وہ داعش کیلئے کام کرتا ہے اور امریکی انتخاب کے دن بڑے پیمانے پر قتل و غارت کرنے کا منصوبہ تھا ۔ناصر توحیدی کے سیل فون سے داعش کے ساتھ اس دہشت گردی کے منصوبہ بندی اور رابطے کا انکشاف ہوا ہے ۔
گرفتار شخص سے متعلق یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے کیمروں تک رسائی حاصل کرنے کیلئےآن لائن انفارمیشن تلاش کی۔ ملزم نے وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن مونیومنٹ کے ویب کیمروں کو بھی آن لائن چیک کیا۔
اس کے علاوہ ناصر پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے اُن ریاستوں کی معلومات حاصل کیں جہاں بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے کی اجازت ہے اور اس سازش میں اس کا کم عمر بہنوئی بھی ملوث ہے۔ اس کو پیر کے روز اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ایک خفیہ ایجنٹ سے دو 47 رائفل خریدنے کیلئےملاقات کرنے آیا تھا۔
گرفتاری کے بعد ناصر توحیدی نے سیکیورٹی حکام کو بتایا کہ وہ الیکشن کے دن لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کے دوران حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور اس دوران وہ اور ان کے ساتھی شہادت کے خواہش مند تھے۔
امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کا کہنا ہے کہ ہم داعش اور اس کے حامیوں کی جانب سے امریکی قومی سلامتی کو عائد خطرات کا مقابلہ کرتے رہیں گے اور ہم ایسے افراد کی شناخت اور ان سے تفتیش کر کے ان کے خلاف مقدمہ چلائیں گے۔
واضح رہے کہ اسپیشل امیگرینٹ ویزا پروگرام پر ایک سال کے دوران وہ 50 افراد داخل ہو سکتے ہیں، جو افغانستان یا عراق میں امریکی افواج یا چیف آف مشن کے تحت بطور ٹرانسلیٹر کام کرتے رہے ہیں۔
تاہم محکمہ انصاف کی جانب سے عائد الزامات میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کیا ناصر توحیدی افغانستان میں بطور ٹرانسلیٹر کام کر رہا تھا؟یاد رہے کہ آئندہ ماہ امریکا میں چار سالہ مدت کیلئے صدارتی انتخابات کا انعقاد ہوگا۔ ڈیموکریٹ کی جانب سے موجودہ نائب صدر کاملا ہیرس جب کہ ری بپلیکنز کی جانب سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔