جوبائیڈن نے سپریم کورٹ کا صدارتی استثنیٰ کا فیصلہ خطرناک نظیر قرار دےدیا

امریکی سپریم کورٹ کی طرف سے مجرمانہ کیسز میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جزوی استثنیٰ دیے جانے پر صدر جوبائیڈن کا ردعمل سامنے آگیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے سپریم کورٹ کا صدارتی استثنیٰ کا فیصلہ خطرناک نظیر قرار دیا ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صدارتی استثنیٰ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے نے ایک خطرناک نظیر قائم کی ہے جو صدور کو بادشاہوں میں تبدیل کرسکتی ہے۔

انہوں نے امریکی عوام سے نومبر میں ہونے والے الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مسترد کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اس قوم کی بنیاد اس اصول پر رکھی گئی تھی کہ امریکا میں کوئی بادشاہ نہیں ہے، ہم سب قانون کے سامنے برابر ہیں اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں حتیٰ کہ امریکا کا صدر بھی۔

جوبائیڈن نے نومبر کے صدارتی انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب امریکی عوام کو وہی کرنا پڑے گا جو عدالت کو کرنا چاہیے تھا، امریکی عوام ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں اپنا فیصلہ سنائیں گے۔

امریکی صدر کہنا تھا کہ خدا ہماری جمہوریت کو بچانے میں مدد کرے۔

اس سے قبل امریکی سپریم کورٹ نے مجرمانہ کیسز میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جزوی استثنیٰ دے دیا تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق سپریم کورٹ میں ٹرمپ کے حق میں 6 اور مخالفت میں 3 ججوں نے فیصلہ دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں