امریکی قونصل خانہ پشاور کے آپریشن عارضی طور پر معطل

پشاور (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے اعلان کیا ہے کہ امریکی قونصل خانہ پشاور نے 2 مارچ سے عارضی طور پر اپنے آپریشن معطل کر دیے ہیں۔امریکی سفارتخانے کے بیان کے مطابق اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانہ تمام معمول کی اور ہنگامی قونصلر خدمات فراہم کرتا رہے گا۔ جبکہ کراچی اور لاہور میں ٹریفک رکاوٹوں کے باعث 3 مارچ کو ویزا اور دیگر قونصلر اپائنٹمنٹس منسوخ کر دی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ 3 مارچ سے معمول کی قونصلر سروسز دوبارہ بحال کرے گا۔امریکی حکام نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے اہلکاروں کی ملک بھر میں نقل و حرکت محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کو مقامی خبروں پر نظر رکھنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔