امیتابھ بچن نے شادی کرنے کیلئے جیا بچن کے سامنے کیا شرط رکھی تھی؟

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ و سیاستدان جیا بچن نے شادی کے کئی برس بعد انکشاف کیا ہے کہ امیتابھ بچن نے شادی کرنے کے لیے اُن کے سامنے ایک شرط رکھی تھی۔

جیا بچن نے حال ہی میں اپنی نواسی نویا نویلی نندا کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی شادی کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب میں نے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا تو امیتابھ بچن نے مجھ سے کہا کہ میں ایسی بیوی نہیں چاہتا جو روزانہ 9 سے 5 گھر سے باہر رہ کر کام کرے بلکہ میں چاہتا ہوں کہ میری بیوی زیادہ سے زیادہ وقت اپنے گھر اور فیملی کو دے۔

اداکارہ نے بتایا کہ امیتابھ بچن نے میرے سامنے شرط رکھی کہ اگر مجھ سے شادی کرنی ہے تو آپ روزانہ کام پر نہیں جائیں گی بلکہ اس طرح کے پراجیکٹس کا انتخاب کریں گی جن کے لیے آپ کو روزانہ کام پر نہ جانا پڑے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے اکتوبر میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن شادی سے قبل ہم ایک ساتھ چھٹیاں گزارنا چاہتے تھے مگر امیتابھ بچن کے والدین نے اجازت نہیں دی اس لیے ہم نے اکتوبر کی بجائے جون میں شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

جیا بچن نے بتایا کہ جلدی شادی کرنے کے لیے امیتابھ بچن نے میرے والد سے بات کی لیکن وہ ہمارا فیصلے سے خوش نہیں تھے کیونکہ میرے والد میری شادی کے حق میں نہیں تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں