فلوریڈا (بین الاقوامی میڈیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امید ہے جلد کسی معاہدے پر پہنچ جائیں گے، اگر معاہدہ نہ ہوا تو پھر سب پر واضح ہو جائے گا کہ آیا ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے درست کہا تھا یا نہیں۔
فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے آیت اللّٰہ خامنہ ای کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ خامنہ ای علاقائی جنگ کی بات کیوں نہ کریں گے، ظاہر ہے وہ ایسا ہی کہیں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت خطے میں دنیا کے سب سے بڑے اور طاقتور امریکی بحری جہاز موجود ہیں جو چند دنوں میں بالکل قریب پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر حملہ پورے خطے کو جنگ کی لپیٹ میں لے آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے جنگ شروع کی تو اس بار یہ علاقائی جنگ بن جائے گی اور اہلِ ایران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔

