امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی الیکشن کمیشن میں طلبی ،نوٹس جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کو طلب کرلیا ہے، انھیں اس سلسلے میں نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کو الیکشن کمیشن نے کل صبح 10 بجے طلب کیا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خواتین کو 5 فیصد ٹکٹس نہ دینے کے کیس میں انھیں نوٹس جاری کیا ہے، ادارے نے جماعت اسلامی اور اے این پی سمیت 12 سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے بی این پی اختر مینگل اور ٹی ایل پی کو بھی نوٹس کا اجرا کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ کے سیکشن 206 پرعمل کیلئے نوٹس جاری کیے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک کی سیاسی جماعتوں سے اکاؤنٹس کے گوشوارے بھی طلب کیے گئے تھے، سیاسی جماعتوں سے کہا گیا تھا کہ انھیں سال 24-2023 کے گوشوارے 29 اگست تک جمع کرانا ہونگے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کو اپنی سالانہ آمدن، اخراجات، فنڈنگز ذرائع، اثاثے اور واجبات کی تفصیلات پیش کرنا ہونگی۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں سے جو گوشوارے طلب کیے ہیں اس میں سیاسی جماعتوں کو بتانا ہوگا کہ انھیں ممنوعہ ذرائع سے پارٹی فنڈ نہیں ملا۔

اپنا تبصرہ لکھیں