امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار

لاہور (نمائندہ خصوصی/ایکسپریس نیوز/جیو نیوز)ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس میں نامزد مرکزی اشتہاری ملزم خواجہ تعریف بٹ عرف طیفی بٹ کو انٹرپول کی مدد سے دبئی میں گرفتار کر لیا گیا۔

مرکزی ملزم طیفی بٹ دبئی میں گرفتار، پاکستان منتقلی کا عمل شروع۔کیس کا دوسرا مرکزی ملزم احسن شاہ گزشتہ سال پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے۔جے آئی ٹی رپورٹ میں گوگی بٹ پر قتل کی منصوبہ بندی کا الزام سامنے آیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، ملزم طیفی بٹ امیر بالاج ٹیپو کے قتل کے بعد سے اشتہاری تھا۔ انٹرپول کے تعاون سے دبئی میں کارروائی کے دوران اسے حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اسے جلد پاکستان منتقل کیا جائیگا۔

یاد رہے کہ 18 فروری 2024 کو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک شادی کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں امیر بالاج ٹیپو سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے، تاہم امیر بالاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ اس دوران حملہ آور بھی محافظین کی جوابی فائرنگ میں ہلاک ہو گیا تھا۔

اگست 2024 میں کیس کے دوسرے مرکزی ملزم احسن شاہ کو پولیس نشاندہی پر لے جا رہی تھی کہ مبینہ مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

ستمبر 2025 میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ نے امیر بالاج کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی اور وہ ملزم طیفی بٹ کے ساتھ رابطے میں رہا۔ گوگی بٹ ماضی میں بھی ٹیپو خاندان کے قتل کیسز میں نامزد رہا ہے۔ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں سفارش کی تھی کہ آئندہ پیشی پر گوگی بٹ کی ضمانت خارج کروائی جائے۔ذرائع کے مطابق، طیفی بٹ کی گرفتاری کے بعد کیس میں مزید پیش رفت متوقع ہے جبکہ گوگی بٹ تاحال عبوری ضمانت پر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں