بھارتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
اننت امبانی کی شادی کی تیاریاں کئی روز سے جاری تھیں جس میں بالی اور ہالی ووڈ کے نامور فنکاروں سمیت دیگر معروف شخصیات نے شرکت کی۔
ممبئی کے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں ہونے والی شادی کی تقریب میں دلہا دلہن نے اپنے رشتے داروں، دوستوں اور معروف شخصیات کی موجودگی میں ایک دوسرے کو ورمالا پہنائی۔
شادی کی تقریب میں شاہ رخ خان نے فیملی کے ساتھ شرکت کی جبکہ سلمان خان سمیت فلم انڈسٹری کے دیگر اداکار جن میں عالیہ بھٹ، وکی کوشل، کترینہ کیف، انیل کپور، سنجے دت، ارجن کپور، جھانوی کپور، سارہ علی خان، راج کمار راؤ، ہنی سنگھ، خوشی کپور، شاہد کپور و میرا راجپوت ودیگر بھی تقریب میں موجود ہیں۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل کی تقریبات کا آغاز مارچ میں 3 روزہ جشن سے ہوا تھا جس میں امریکی گلوکارہ ریحانہ اور بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ بھی شامل تھے۔
امبانی خاندان نے شادی کی تقریبات کے سلسلے میں ہی ایک لگژری کروز پر بھی مہمانوں کو مدعو کیا اور اس کے بعد شادی سے ایک ہفتہ قبل سنگیت کی تقریب ہوئی جس میں فنکاروں پر جلوے بکھیرے تھے۔