ایشیا کی سب سے امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات میں کون پرفارم کرے گا اس حوالے سے مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آننت اور رادھیکا کی شادی کے باقاعدہ آغاز سے قبل پری ویڈنگ کی 2 مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
بھارتی ریاست جام نگر میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاپ کوئین ریحانہ کی پرفارمنس نے چار چاند لگا دیئے تھے، جس کے بعد متوالوں کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے کے لیے امبانی فیملی برطانوی گلوکارہ اڈیل، کینیڈین ریپر ڈریک اور امریکی گلوکارہ لانا ڈیل رے سے رابطے میں ہیں اور ممکنہ طور پر یہ تمام فنکار 12 جولائی سے 14 جولائی تک ہونے والی اس شادی کے سلسلے میں بھارت آسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اسی اثناء میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ کینیڈین پاپ اسٹار جسٹن بیب امبانیز کی شادی میں پرفارم کرنے کے لیے بھارت پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب مامیرو کی رسم کے ساتھ آننت اور رادھیکا کی شادی کے باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جبکہ اس سے قبل نیتا اور مکیش امبانی نے 50 سے زائد مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا تھا۔