انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی ہے، پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور 36 ووٹ لے کر وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوگئے، جبکہ مخالفت میں 2 ووٹ آئے۔ تحریک کی منظوری کے ساتھ ہی فیصل ممتاز راٹھور بلا مقابلہ وزیراعظم بن گئے۔

ایوان کا اجلاس اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت ہوا۔ کچھ دیر بعد وزیراعظم انوارالحق چار ارکان کے ہمراہ ایوان آئے اور فیصل ممتاز راٹھور سے مصافحہ کیا۔

تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے رکن قاسم مجید نے پیش کی تھی، جو گزشتہ روز 25 ارکان کے دستخطوں کے ساتھ جمع کرائی گئی تھی، جن میں 23 پیپلز پارٹی اور 2 مسلم لیگ (ن) کے ارکان شامل تھے۔ ووٹنگ کے دوران فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں 36 ووٹ پڑے۔

ذرائع کے مطابق نئے وزیراعظم کی حلف برداری کل متوقع ہے۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود علالت کے باعث حلف نہیں لیں گے، جس کے باعث اسپیکر لطیف اکبر حلف لیں گے۔

اتوار کو پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے دو وزراء دیوان علی چغتائی اور تقدیس کوثر گیلانی فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے تھے، جس کے بعد پارٹی کی تعداد 29 ہوگئی تھی۔ اس سے قبل فارورڈ بلاک کے 10 ارکان بھی شامل ہوچکے تھے، جس سے پیپلز پارٹی ایوان میں واضح اکثریت حاصل کرچکی تھی۔

موجودہ اسمبلی کی یہ چوتھی بار وزیراعظم کی تبدیلی ہے۔ 2021 میں عبدالقیوم نیازی کے بعد سردار تنویر الیاس آئے، جنہیں توہین عدالت پر نااہل کیا گیا، ان کے بعد چوہدری انوارالحق نے منصب سنبھالا تھا۔ فیصل ممتاز راٹھور اب باقی چھ ماہ کے لیے وزیراعظم ہوں گے۔