لاہور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی کیلئےبڑی خوشخبری، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان کی پرو لیگ 2025-26 میں شرکت کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔ نیوزی لینڈ کی دستبرداری کے بعد قومی ٹیم کو پرو لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں جگہ ملی ہے، جس میں اب پاکستان سمیت 9 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
ایف آئی ایچ کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم ارجنٹینا، آسٹریلیا، بیلجیئم، انگلینڈ، جرمنی، بھارت، نیدرلینڈز اور اسپین کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ فیڈریشن کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی شمولیت سے پرو لیگ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا، جبکہ شیڈول اور وینیوز کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے پاکستان کی شمولیت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان کی واپسی عالمی ہاکی کیلئےایک یادگار لمحہ ہے، پہلی بار قومی ٹیم لیگ آف دی بیسٹ کا حصہ بنے گی‘‘۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 27 اگست کو پاکستان ہاکی ٹیم کی پرو لیگ میں شمولیت کیلئے 25 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی تھی۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق یہ رقم وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے کھیلوں کیلئے فراہم کردہ اضافی 40 کروڑ روپے کے فنڈز میں سے مختص کی گئی۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ہدایت دی تھی کہ وہ 3 روز کے اندر پرو لیگ میں شرکت سے متعلق مکمل منصوبہ پیش کرے، جس میں کھلاڑیوں کے سفر کے شیڈول، تربیتی پروگرام اور انتظامی و لاجسٹک امور کی تفصیلات شامل ہوں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے حکومتی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’پرو لیگ میں شرکت سے قومی ٹیم کی رینکنگ میں بہتری آئے گی اور کھلاڑیوں کو دنیا کی ٹاپ 10 ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا سنہری موقع ملے گا، جس سے ان کی صلاحیتیں مزید نکھریں گی‘‘۔

