اسلام آباد: پاکستانی اتھارٹیز کی جانب سے ملک میں انٹرنیٹ کو ریگولیٹ کرنے کیلئے وی پی این کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ملکی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی حکام انٹرنیٹ بالخصوص سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال کو کافی عرصے ریگولیٹ کرنے کے خواہاں ہیں، اب تک پی ٹی اے کی جانب سے دو درجن سے زیادہ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) تک رسائی کو روکا جاچکا ہے۔
اب ٹیلی کام اتھارٹی نے وی پی این رجسٹریشن فیس اور دیگر تفصیلات کے حوالے سےاپ ڈیٹ شیئر کی ہے تاکہ صارفین اس سے استفادہ حاصل کرسکیں۔پی ٹی اے نے وی پی این کی رجسٹریشن اور آئی پی وائٹ لسٹنگ کیلئےآسان طریقہ کار بتایا ہے تاکہ فری لانسرز اور کال سینٹرز چلانے والوں اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔
پاکستان میں وی پی این رجسٹریشن کے عمل کو چار مختلف کیٹیگریز میں درجہ بند کیا گیا ہے، جن میں کمپنیوں، فری لانسرز، کال سینٹرز اور ویڈیو کانفرنسنگ کی کیٹیگری شامل ہے۔کمپنیاں یا کاروبار محفوظ انٹرنیٹ تک رسائی کیلئےاپنے وی پی این کنکشن رجسٹر کر سکتے ہیں، فری لانسرز اپنے آجر کے تصدیقی خط کے ساتھ رجسٹر ہوسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ کال سینٹرز سیکیورٹی اور فعالیت کو بڑھانے کیلئے آئی پیز کو وائٹ لسٹ کر سکتے ہیں، ویڈیو کانفرنسنگ کے سلسلے میں بلارکاوٹ مواصلات کو یقینی بنانے کیلئےکمپنیاں آئی پیز کو وائٹ لسٹ کر سکتی ہیں۔آن لائن رجسٹریشن کا عمل انجام دینے کیلئےصارفین پی ٹی اے کی پورٹل پر جائیں اور رجسٹریشن یا آئی پی وائٹ لسٹنگ کیلئےدرخواست دیں۔
وی پی این رجسٹریشن فیس کے حوالے سے ٹیلی کام اتھارٹی نے واضح کیا کہ وی پی این کی کوئی رجسٹریشن فیس نہیں ہے تاہم 5+ IPs کو وائٹ لسٹ کرنے کیلئےفیس ادا کرنا ہوگی۔