انڈر 19 ورلڈ کپ: بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملانے پر بنگلادیش کرکٹ کی وضاحت

بلاوایو(سپورٹس ڈیسک)بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 کے میچ سے قبل ٹاس کے دوران بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے پر وضاحت جاری کردی ہے۔ واقعہ زمبابوے کے شہر بلاوایو میں بنگلادیش اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل پیش آیا تھا۔

بی سی بی کے مطابق بیماری کے باعث بنگلادیش انڈر 19 ٹیم کے باقاعدہ کپتان عزیز الحق ٹاس میں شریک نہیں ہو سکے تھے، جس کے بعد نائب کپتان جواد ابرار نے ٹیم کی نمائندگی کی۔ بورڈ نے واضح کیا کہ بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملانا غیر ارادی تھا اور یہ محض لمحاتی عدم توجہ کا نتیجہ تھا۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بیان میں کہا کہ اس اقدام کا مقصد کسی بھی طور پر حریف ٹیم کی توہین نہیں تھا۔ بی سی بی کے مطابق معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ کو فوری طور پر آگاہ کر دیا گیا اور کھلاڑیوں کو یاد دہانی کروائی گئی کہ کھیل کی روح، اسپورٹس مین اسپرٹ اور باہمی احترام ہر سطح پر بنگلادیش کی نمائندگی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ میدان کے اندر اور باہر کرکٹ کی اقدار اور روایات کی مکمل پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔