انڈر 19 ورلڈ کپ: سپر سکس لائن اپ مکمل، پاک بھارت میچ یکم فروری کو ہوگا

ہرارے(آئی سی سی/سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کی لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم سپر سکس مرحلے میں اپنا پہلا میچ 27 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ یکم فروری کو شیڈول ہے۔

آئی سی سی کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ 2026ء کے سپر سکس مرحلے میں ہر گروپ کی ٹاپ ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے، اس طرح مجموعی طور پر 12 ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ ان ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ ون میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، بنگلادیش اور زمبابوے شامل ہیں جبکہ گروپ ٹو میں آسٹریلیا، سری لنکا، آئرلینڈ، افغانستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔سپر سکس مرحلے میں ہر ٹیم ناک آؤٹ مرحلے سے قبل دو میچز کھیلے گی، جبکہ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔