انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 6وکٹوں سےشکست دیدی

ہرارے( آئی سی سی)پاکستان نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے اپنے 12ویں میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں جیت کا کھاتہ کھول لیا۔

ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49ویں اوور میں 187 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان تھامس نائٹ نے 37، فنلے جونز نے 33 اور اولی جونز نے 30 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر علی رضا نے 37 رنز کے عوض 4 جبکہ مومن قمر نے 46 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

جواب میں پاکستان نے 188 رنز کا ہدف 44ویں اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عثمان خان نے 75 اور احمد حسین نے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے اولی جونز اور مانو سرسوت نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب ونڈہوک میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے تنزانیہ کو 329 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔ جنوبی افریقا نے 5 وکٹ پر 397 رنز بنائے، جواب میں تنزانیہ کی ٹیم 68 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مجولا اور جیسن راولز نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔