آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ بی کے میچ میں انگلینڈ نے عمان کو آؤٹ کلاس کرکے محض 3 اعشاریہ 1 اوورز میں 8 وکٹ سے شکست دے دی۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوز بٹلر نے 24 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ سالٹ 12، ول جیک 5 رنز بناسکے، جونی برسٹو 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
عمان کی جانب سے بلال خان اور کلیم اللّٰہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کے عادل رشید کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر عمان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
عمان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 13 اعشاریہ 2 اوورز میں 47 رنز اسکور کیے، اس کے ٹاپ اسکورر شعیب خان 11 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 4 جبکہ جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
انگلینڈ اور عمان کے درمیان میچ نارتھ ساؤنڈ میں سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
دفاعی چیمپئن نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی، کرس جارڈن کی جگہ ریس ٹوپلے کو کھلایا گیا۔
انگلش کپتان بٹلر نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ یہ واقعی ایک اچھی وکٹ لگ رہی ہے اور ہم جاننا چاہتے ہیں کہ ہم کس ہدف کا تعاقب کر رہے ہیں۔
اس موقع پر عمان کے کپتان عاقب الیاس نے کہا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے لیکن آپ ٹاس پر انحصار نہیں کر سکتے۔ یہ بہت اچھی وکٹ ہے، بیٹنگ کے لیے بہت اچھا فلیٹ ٹریک ہے۔