انہیں بچپن میں ایک امیر لڑکی سے محبت ہوئی تھی:نیئر اعجاز

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف و لیجنڈ اداکار نیئر اعجاز نے پہلی محبت کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بچپن میں ایک امیر لڑکی سے محبت ہوئی تھی۔

حال ہی میں لیجنڈری اداکار نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔ جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف تجربات کے حوالے سے کھل کر بات چیت کی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ مجھے پہلی محبت بچپن میں ہوئی تھی لیکن اس لڑکی کو کبھی بتا نہیں سکا کیونکہ وہ بہت امیر گھرانے کی تھی اور میرا تعلق ایک متوسط طبقے سے تھا۔

اداکار نے بتایا کہ میرے والد بیمار ہوگئے تو مجھے اچانک واپس کوئٹہ جانا پڑا اور اس لڑکی کو یہ بھی نہیں بتا سکا کہ میں کوئٹہ جا رہا ہوں۔

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ بعدازاں تقریباً 17 برس بعد جب میں واپس آیا تو اس کی شادی اور ایک بچی بھی ہوگئی تھی، پھر میں یہ ہی سوچتا تھا کہ ایک وقت تھا جب اس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کتنے جتن کیا کرتا تھا۔

واضح رہے کہ نیئر اعجاز اب تک ان گنت کامیاب پاکستانی ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں نظر آ چکے ہیں۔ ان کے قابل ذکر ڈراموں میں لگا، لاج، دھواں، جنجال پورا، دور، برفی اور لڈو اور چیخ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ وہ نامعلوم افراد 2، طیفا ان ٹربل اور باجی جیسی ہٹ فلموں میں بھی نظر آئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں