اونٹاریو،وٹبی(نمائندہ خصوصی)لبرل پارٹی کا منشور اگلے چار سالوں میں 130 ارب ڈالر کی نئی اسکیموں کا وعدہ کرتا ہے، جس سے وفاقی قرضے میں 225 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔سب سے بڑے شعبے جن پر یہ رقم خرچ کی جائے گی اُن میں ٹیکس میں کمی، رہائش کیلئےمعاونت اور قومی دفاع شامل ہیں۔
کینیڈا کی لبرل پارٹی اگلے چار سالوں کے دوران تقریباً 130 ارب ڈالر کی نئی اسکیمیں متعارف کروانے کا وعدہ کر رہی ہے جو موجودہ اخراجات کے ساتھ مل کر وفاقی قرضے میں 225 ارب ڈالر کا اضافہ کریگی۔
خزاں کے اقتصادی بیان میں، سابق وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو کی لبرل حکومت نے اگلے چار سالوں کے دوران خسارہ 131.4 ارب ڈالر رہنے کا تخمینہ لگایا تھا۔
“آئیے بالکل واضح کیا جائے کہ یہ کوئی معمول کا خزاں کا اپڈیٹ یا بجٹ لاک اپ نہیں ہے،” لبرل رہنما مارک کارنی نے ہفتے کے روز وِٹبی، اونٹاریو میں اپنی انتخابی مہم کے دوران کہا۔ “ہم اپنی زندگی کے سب سے بڑے بحران کے درمیان ہیں۔”
“یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جو اس وقت کی ضرورت کے مطابق ہے عوام کی محنت سے کمائی گئی ٹیکس کی رقم کے معاملے میں نہایت محتاط لیکن اس ملک کے ممکنہ مستقبل کے حوالے سے جرات مندانہ ہے۔”
ہفتے کے روز پارٹی کے جاری کردہ انتخابی منشور میں اخراجات کی سب سے بڑی اسکیموں میں سے ایک وہ پہلے سے اعلان کردہ اقدام ہے جس کے تحت کم ترین مارجلنل ٹیکس شرح میں ایک فیصد پوائنٹ کی کمی کی جائے گی، یعنی 15 فیصد سے گھٹا کر 14 فیصد تک لایا جائیگا۔
یہ اس ٹیکس سلیب میں مجموعی طور پر ٹیکس کی رقم میں 6.6 فیصد کی کمی ہوگی اور اگلے چار سالوں میں اس کی قیمت قومی خزانے کو تقریباً 22 ارب ڈالر پڑیگی۔
پارٹی کے چار سالہ منصوبے میں دیگر اہم اخراجات میں موجودہ دفاعی بجٹ میں 18 ارب ڈالر کا اضافہ کرنے کا وعدہ شامل ہے، تاکہ نیٹو کے دو فیصد اخراجات کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔
منشور میں کہا گیا ہے کہ “ایک ایسی دنیا میں جہاں خطرات بڑھتے جا رہے ہیں، کینیڈا کو ان افراد یا قوتوں کا پتہ لگانے اور انہیں روکنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہونا چاہیے جو ہماری خودمختاری پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔”
“ہمارے پاس ایک منصوبہ ہے جس کے تحت ہم نیٹو سے کیے گئے وعدے پورے کرینگےاور یہ یقینی بنائیں گے کہ کینیڈین آرمڈ فورسز (CAF) کے پاس اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے درکار جدید سازوسامان موجود ہو۔”
نئے سازوسامان کے علاوہ، اضافی فنڈز کا کچھ حصہ CAF کے اراکین کی تنخواہوں میں اضافے، رہائش اور دیگر سہولیات کی بہتری، بھرتی کے نظام کو جدید بنانے اور جنسی بدسلوکی کیخلاف اقدامات پر بھی خرچ کیا جائے گا۔
کارنی کا منصوبہ ہے کہ ہاؤسنگ کی تعمیر کی رفتار کو دوگنا کیا جائے، جس کیلئےایک الگ ایجنسی “بلڈ کینیڈا ہومز” (BCH) قائم کی جائیگی جس پر اگلے چار سالوں میں سالانہ تقریباً 3 ارب ڈالر خرچ ہونگے۔
BCH کو ایک “کم لاگت، مقصد پر مبنی تنظیم” کے طور پر بیان کرتے ہوئے، یہ ایجنسی کینیڈا میں سستی رہائش کی تعمیر کے عمل کی نگرانی کرے گی اور ایک ڈویلپر کے طور پر کام کریگی۔
اگر دوبارہ منتخب ہو جاتی ہے تو لبرل حکومت یہ وعدہ بھی کر رہی ہے کہ وہ بلدیاتی حکومتوں کو فنڈز فراہم کریگی تاکہ وہ ترقیاتی چارجز کو نصف کر سکیں جس پر اگلے چار سالوں میں سالانہ 1.5 ارب ڈالر خرچ ہونگے۔
جب اس میں 4 ارب ڈالر سے زائد کی ٹیکس مراعات شامل کی جائیں گی جو عمارتوں کو رہائش میں تبدیل کرنے کیلئےفراہم کی جائینگی تو لبرل جماعت اپنے منشور کے تحت اگلے چار سالوں میں مزید 22 ارب ڈالر خرچ کرنے کا وعدہ کر رہی ہے۔
منشور میں معیشت کے مختلف شعبوں میں اخراجات کی متعدد اسکیمیں بیان کی گئی ہیں جو چار ستونوں میں تقسیم کی گئی ہیں.
اتحاد (Unite):
فنون لطیفہ، دیہی ٹرانزٹ، مقامی قرض کی ضمانتیں اور سی بی سی/ریڈیو کینیڈا کی حمایت جیسے اقدامات شامل ہیں۔ مجموعی طور پر، انفراسٹرکچر کی فنڈنگ، جیسے ہائی اسپیڈ ریل، ڈیجیٹل، کمیونٹی اور صحت کے انفراسٹرکچر منصوبوں کیلئے مختص فنڈز اگلے چار سالوں میں 20 ارب ڈالر تک پہنچیں گے۔
سکیورٹی (Secure):
18 ارب ڈالر کی نئی دفاعی اخراجات کےساتھ 4 ارب ڈالر سے زائد کی معاونت اور دیگر ٹیرف ٹیکس کے ردعمل کی فنڈنگ شامل ہے۔ اس میں 1.7 ارب ڈالر کا اضافی خرچ بھی شامل ہے تاکہ آر سی ایم پی 1000مزید اہلکاروں کی بھرتی اور تربیت کرے ایک نیا تربیتی ادارہ قائم کرے اور نئے بھرتیوں کی تنخواہیں بڑھائے۔
تحفظ (Protect):
صحت کے متعدد اقدامات شامل ہیں، جیسے مزید میڈیکل اسکول کے رہائشی پروگرام بنانے میں مدد دینا، نوجوانوں کے دماغی صحت کی بہتری، ڈاکٹروں کو کاغذی کارروائی کم کرنے میں مدد فراہم کرنا اور ان ویٹرو فرٹیلائزیشن (IVF) پروگرام کا قیام۔ ان تمام اقدامات کا مجموعی خرچ اگلے چار سالوں میں تقریباً 3.5 ارب ڈالر ہوگا۔
تعمیر (Build):
لبرل منشور کا آخری نقطہ 22 ارب ڈالر کے ہاؤسنگ فنڈز پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ، اس میں 12.5 ارب ڈالر شامل ہیں جو وفاقی خزانے پر کیپیٹل گینز ٹیکس کی شرح میں اضافے کو منسوخ کرنے کیلئے خرچ ہونگے اور 12.5 ارب ڈالر وہ رقم ہے جو ایکسلریٹڈ انویسٹمنٹ انسینٹیو کو توسیع دینے کیلئے خرچ کی جائیگی۔
منشور میں کہا گیا ہے کہ یہ حکومت اگلے چار سالوں میں اپنی آمدنی میں 51.8 ارب ڈالر کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوگی، جس میں سے 20 ارب ڈالر صرف 2025-26 میں ٹیرف سے آئیں گے۔
لبرل منشور صرف اپنے چار سالہ منصوبے کے پہلے سال میں ٹیرف آمدنی کا حساب کرتا ہے۔ مارک کارنی نے ہفتے کے روز وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سالوں میں اس آمدنی پر انحصار کرنا “محتاط” نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا، “ہم ان ٹیرف آمدنیوں پر انحصار نہیں کرنا چاہتے۔ کینیڈا امریکہ نہیں ہے، اس لیے آپ دوسری جماعتوں کو دیکھیں گے جو یہ فرض کریں گی کہ یہ آمدنی جاری رہے گی اور یہ آمدنی کا ذریعہ بنے گی۔ یہ ملک کیلئے ایک برا نتیجہ ہوگا۔”
“ہم نہیں سمجھتے کہ یہ فرض کرنا کہ ان ٹیرف آمدنیوں کا موجود رہنا بالکل بھی محتاط فیصلہ ہوگا۔”آمدنی میں اضافے کا باقی حصہ دو ذرائع سے آئیگا۔
پہلا ذریعہ کینیڈا ریونیو ایجنسی (CRA) کے ذریعے ٹیکس جرمانوں اور fines میں اضافہ ہوگا، جس سے چار سالوں میں 3.8 ارب ڈالر کی آمدنی متوقع ہے۔
دوسرا ذریعہ “حکومتی کارکردگی میں اضافہ” ہوگا، جو 2026-27 میں 6 ارب ڈالر کی بچت سے شروع ہوگا، جو اگلے سال بڑھ کر 9 ارب ڈالر تک پہنچے گا اور 2028-29 تک سالانہ 13 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچے گا۔
منشور کارنی کے اس وعدے پر مبنی ہے کہ وہ آپریٹنگ اخراجات، سالانہ پروگراموں اور دیگر اخراجات کو سرمایہ کاری سے الگ کرے گا یعنی انفراسٹرکچر جیسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریگا۔
اس سال آپریٹنگ بجٹ خسارے کا اندازہ 9 ارب ڈالر سے کچھ زیادہ ہے، جسے لبرل منشور کے مطابق29-2028تک صرف 220 ملین ڈالر تک کم کیا جا سکتا ہے۔
مجموعی طور پر، 26-2025میں لبرل منشور کے مطابق سالانہ خسارہ جی ڈی پی کا 1.96 فیصد ہوگا، جو 62.3 ارب ڈالر کے برابر ہوگا۔ اگلے سال، قرض کے تناسب کے جی ڈی پی سے 1.83 فیصد تک گر جائیگا کیونکہ سالانہ خسارہ تھوڑا کم ہو کر تقریباً 60 ارب ڈالر تک آ جائیگا۔
2027-28 میں خسارہ دوبارہ کم ہو کر 55 ارب ڈالر سے کچھ کم (جو کہ جی ڈی پی کا 1.61 فیصد ہوگا) ہو جائیگا اور 29-2028میں مزید کم ہو کر 48 ارب ڈالر تک پہنچے گا، جو جی ڈی پی کا 1.35 فیصد ہوگا۔
خزاں کے اقتصادی بیان میں 26-2025 کیلئے خسارے کا تخمینہ 42.2 ارب ڈالر تھا، جو 27-2026 میں 31 ارب ڈالر، 28-2027 میں 30.4 ارب ڈالر اور29-2028 میں 27.8 ارب ڈالر تک کم ہونے کا امکان تھا۔

