ٹورنٹو ،کویینز پارک( نامہ نگار) اونٹاریو کی لبرل رکنِ اسمبلی اسٹیفنی اسمتھ (Stephanie Smyth) نے لیبر منسٹر ڈیوڈ پیچینی (David Piccini) کیخلاف انٹیگریٹی کمشنر سے باضابطہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اسٹیفنی اسمتھ، جو ایتھکس، انٹیگریٹی اور اکاؤنٹیبلٹی کی نقاد ہیں، نے کہا ہے کہ کمشنر یہ طے کرے کہ آیا وزیرِ محنت نے ممبرز انٹیگریٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کی یا اسکلز ڈیولپمنٹ فنڈ (SDF) کے انتظام میں پارلیمانی ضابطے اور شفافیت کو نقصان پہنچایا۔
یہ درخواست آڈیٹر جنرل کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ SDF کے گرانٹ سلیکشن کے عمل میں انصاف اور شفافیت کا فقدان تھا۔
رپورٹس کے مطابق وزیر پیچینی نے ذاتی طور پر ایک ایسے منصوبے کیلئے مداخلت کی جس کی نمائندگی لُوبیاسٹ مائیکل روڈرہم (Michael Rudderham) کر رہے تھے جو ان کے قریبی دوست ہیں اور جن کی شادی میں وزیر نے اس سال پیرس میں شرکت کی تھی۔
یہ منصوبہ کم اسکور ہونے کے باوجود وزیر کی مداخلت کے بعد ملینز ڈالر کی عوامی فنڈنگ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔مزید یہ بھی انکشاف ہوا کہ وزیر پیچینی بعد ازاں اسی کمپنی کے ایک ایگزیکٹو کے ساتھ ہاکی میچ میں شریک ہوئے، جہاں وہ اس ایگزیکٹو کے خاندانی نشستوں پر بیٹھے تھے۔
اسٹیفنی اسمتھ نے کہا”یہ بات واضح ہے کہ وزیر اور مسٹر روڈرہم کے درمیان دیرینہ ذاتی اور پیشہ ورانہ تعلقات ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آیا وزیر نے اپنے عہدے کا استعمال کسی دوست یا ڈونر کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا — یہی وہ بات ہے جس کی تحقیقات انٹیگریٹی کمشنر کو کرنی چاہیے۔”
لبرل پارٹی کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کمشنر سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ طے کریں کہ آیا وزیر کے اقدامات نےکسی ذاتی یا سیاسی مفاد کو فروغ دیا،کچھ درخواست گزاروں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا، یااندرونی معلومات یا اثر و رسوخ کا غلط استعمال کیا۔
اسمتھ نے کہا کہ”ہم امید کرتے ہیں کہ کمشنر یہ درخواست منظور کریں گے اور واضح پیغام دیں گے کہ ڈگ فورڈ اپنی حکومت میں اس طرح کے غیر اخلاقی رویے کی مزید حمایت یا برداشت نہیں کر سکتے۔”
“اونٹاریو کے عوام سخت محنت کر رہے ہیں مگر یہ حکومت عوامی پیسے کو ذاتی فائدے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ ڈگ فورڈ نے گراوی ٹرین ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر اب وہ خود گراوی ٹرین بن چکے ہیں۔”
اسمتھ کے مطابق حکومت نہ صرف پراجیکٹس کے نتائج کی مانیٹرنگ میں ناکام ہے بلکہ کم درجہ والے منصوبوں کو فنڈز فراہم کر رہی ہے جبکہ زیادہ اہل منصوبوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا”یہ ایک منظم کھیل ہے، ہم اسے بے نقاب کرنے جا رہے ہیں۔”آخر میں اسمتھ نے زور دیا کہ ایک آزاد اور مکمل انکوائری اونٹاریو کے عوام کے مفاد میں ہوگی تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ کہاں اور کیسے خرچ ہو رہا ہے۔

