ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی) اونٹاریو کی معروف تعمیراتی کمپنی AGM Renovations کے اچانک بند ہونے سے صارفین شدید متاثر ہوئے ہیں۔ سی بی سی کے پروگرام مارکیٹ پلیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ کمپنی نے متعدد منصوبے ادھورے چھوڑ دیے، جبکہ پولیس دھوکہ دہی کے الزامات پر تفتیش کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اوشاوا کے رہائشی ڈریو کارمیکل نے اگست 2024 میں اپنے گھر کی تزئین و آرائش کے لیے اے جی ایم کی خدمات حاصل کیں، لیکن کمپنی کی فروری میں بندش کے وقت ان کا 1.5 لاکھ ڈالر کا منصوبہ صرف 40 فیصد مکمل ہوا تھا۔ بعدازاں انہیں نئے ٹھیکیداروں سے کام مکمل کرانا پڑا، جس پر مزید بھاری اخراجات آئے۔
کارمیکل اور دیگر متاثرین نے کمپنی اور اس کے سی ای او ایوان اتاناسوف کیخلاف 13 لاکھ 60 ہزار ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔ تاہم رپورٹس کے مطابق سی ای او کا سراغ نہیں مل سکا۔
سی بی سی مارکیٹ پلیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ صارفین کے تحفظ سے متعلق نظام کی کمزوریوں کو اجاگر کرتا ہے، جہاں متاثرہ شہریوں کے پاس قانونی چارہ جوئی یا ریفنڈ کے علاوہ کوئی مؤثر راستہ نہیں بچتا۔

